چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے کہا کہ زینب قوم کی بیٹی تھی، واقعے سے پوری قوم کا سر شرم سے جھک گیا ہے، اس واقعے پر مجھ سے زیادہ میری اہلیہ گھر میں پریشان تھیں۔ الرازی میڈیکل کالج کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے زینب قتل کیس سےمتعلق ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ دکھ اور سوگ اپنی جگہ لیکن ہڑتال کی گنجائش نہیں بنتی ہے۔ چیف جسٹس نے مزید کہا کہ صحت اور عدلیہ جیسے شعبوں میں اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب سےقصور میں معصوم بچی زینب سے زیادتی و قتل کے واقعے کی رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔