↧
سی آئی اے پاکستانی ایٹمی سائنس دانوں کے تعاقب میں
ایف بی آئی نے بتایا ’’ہماری خواہش ہے کہ آپ اس سے ضرور ملیے۔‘‘ یوں امریکی پروفیسر ڈبل ایجنٹ بن گیا۔ اگلے دو برس تک روسی انٹیلی جنس افسر نے اسے دس لنچ کرائے اور پروفیسر کو تحائف بھی دیئے۔ پوسو لکایا نامی قیمتی ووڈکا کی بوتل اور آٹھ سو ڈالر مالیت کی سوئس گھڑی، نیز افغانستان پر تجزیاتی رپورٹ لکھنے پر پروفیسر کو دو ہزار ڈالر کی خطیر رقم دی۔ پروفیسر نے یہ رقم تو ایف بی آئی کو دے ڈالی تاہم اسے گھڑی اپنے پاس رکھنے کی اجازت مل گئی۔ اسے وہ فخر سے تقریبات میں پہنتا ہے۔ آخر وہ ایک روسی جاسوس کی دی گئی رشوت ہے! ایف بی آئی امریکی حکومت کے بارے میں جو جھوٹی سچی باتیں پروفیسر کو بتاتی، وہ انہیں روسی انٹیلی جنس افسر تک پہنچا دیتا۔ یہ نہیں معلوم کہ روسی حکومت نے ان معلومات سے کتنا فائدہ اٹھایا۔ 2008ء میں سی آئی اے کا اعلیٰ افسر، کنیتھ موسکو تنزانیہ میں پہاڑ پر چڑھتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔ جب اس کی شخصیت پر مضامین شائع ہوئے، تو ہارورڈ یونیورسٹی میں اس کے ساتھ پڑھے ہم جماعت حیران رہ گئے۔ انہیں پہلی بار پتا چلا کہ کینتھ تو سی آئی اے کا ایجنٹ تھا۔ کینتھ نے ہارورڈ سے ماسٹرز کیا تھا اور اپنے ہم جماعتوں کو بتایا تھا کہ وہ محکمہ خارجہ سے منسلک ہے۔
↧