Quantcast
Channel: Pakistan Affairs
Viewing all articles
Browse latest Browse all 6211

شام میں روسی جنگی جہاز کو مار گرایا گیا

$
0
0

شام کے شمال مغربی صوبے ادلیب میں باغیوں کے زیر کنٹرول علاقے میں روس کا ایک جنگی جہاز مار گرایا گیا ہے۔ روس کی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ سخوئی 25 جنگی جہاز کا پائلٹ جہاز تباہ ہونے سے پہلے اس سے نکلنے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ روسی وزارتِ دفاع کے مطابق خیال کیا جا رہا ہے کہ پائلٹ جہادی گروہوں کے اتحاد حیات تحریر الشام کے زیر کنٹرول علاقے میں اترا جہاں اسے فائرنگ کے تبادلے میں مار دیا گیا۔ خیال رہے کہ روس شام میں حکومت کا اتحادی ہے اور یہ ادلیب میں شامی سکیورٹی فورسز کی باغیوں کے خلاف کارروائیوں میں مدد کر رہا ہے جہاں دسمبر میں آپریشن شروع کیا گیا تھا۔

سخوئی 25 جنگی جہاز ادلیب کے علاقے مسران میں جاری سکیورٹی فورسز کی زمینی کارروائیوں میں فضائی مدد فراہم کر رہا تھا جب اسے نشانہ بنایا گیا۔ شام کی صورتحال پر نظر رکھنے والے گروپس کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران روسی جہازوں نے درجنوں حملے کیے ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک جہاز کو نشانہ بنایا گیا اور زمین پر گرنے سے پہلے اسے آگ لگ چکی تھی۔ روسی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ’ جہاز کے پائلٹ کے پاس واقعے کی رپورٹ دینے کے لیے کافی وقت تھا کہ وہ اس علاقے میں اترا ہے جو شدت پسندوں کے قبضے میں ہے ۔ روسی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ پائلٹ کی لاش کو واپس لینے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اطلاع دی گئی ہے کہ بحیرہ روم میں تعینات روسی بحری جہازوں سے ادلیب میں ایک ساتھ کئی کروز میزائل ادلیب میں داغے گئے ہیں۔ روس کی وزارتِ دفاع نے بھی تصدیق کی گئی ہے کہ علاقے میں اپنے ہدف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنانے والے ہتھیاروں سے حملے کیے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ روس نے 2015 میں شامی حکومت کی مدد کے لیے فضائی کارروائیوں کا آغاز کیا تھا اور اس دوران 2016 میں باغیوں نے اس کے ایک ہیلی کاپٹر کو مار گرایا تھا تاہم یہ پہلی بار ہے کہ اس کے جنگی جہاز کو گرایا گیا ہو۔ روس کی شام میں کارروائیوں کے دوران 45 کے قریب فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ہلاک ہونے والے کنٹریکٹرز کی تعداد کا اندازہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے نومبر 2015 میں ترکی نے روس کے ایک جنگی جہاز کو مار گرایا تھا جس میں ایک پائلٹ ہلاک ہو گیا تھا اور ایک کو ریسکیو کیا گیا تھا۔
 


Viewing all articles
Browse latest Browse all 6211

Trending Articles