↧
انڈیا جسٹن ٹروڈو کو کیوں نظر انداز کر رہا ہے؟
کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سات روزہ سرکاری دورے پر انڈیا گئے ہوئے ہیں لیکن بعض تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ نریندر مودی کی حکومت ان کے دورے کو اتنی اہمیت نہیں دے رہی جتنی دی جانی چاہیے تھی۔ تاثر یہ ہے کہ جسٹن ٹروڈو کے دورے کو حکومت کے اعلیٰ اہلکاروں نے اب تک نظر انداز کیا ہے اور قیاس آرائی یہ ہے کہ اس کی وجہ ان کی کابینہ میں شامل وہ چار سکھ وزرا ہو سکتے ہیں جن کے بارے میں انڈیا میں بعض لوگوں کا الزام ہے کہ ان کی ہمدردی خالصتان کی علیحدگی پسند تحریک کے ساتھ رہی ہے۔
سابق سفارتکار کنول سبل کا کہنا ہے کہ مسٹر ٹروڈو کے دورے کو خالصتان کی تحریک کے بارے میں انڈیا کے خدشات کینیڈا کی اعلیٰ قیادت تک پہنچانے کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے اور خالصتان کی تحریک کا سایہ اگر اس دورے پر شروع سے ہی اثر انداز ہوتا ہے تو سیاسی اعتبار سے یہ غلط ہو گا۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس دورے کو جسٹن ٹروڈو سے یہ وعدہ حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے کہ کینیڈا میں سرگرم خالصتان کے ہمدردوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ مسٹر سبل کے خیال میں بھی یہ تاثر غلط ہے کہ جسٹن ٹروڈو کے دورے کو اتنی اہمیت نہیں دی جا رہی جتنی کہ ملنی چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سنہ 2015 میں جوہری معاہدہ طے پانے کے بعد باہمی رشتوں میں ڈرامائی انداز میں بہتری آئی ہے۔
↧