تازہ ترین خبروں کے مطابق ریلیف ڈپارٹمنٹ نے سندھ کے تین اضلاع کے ڈیڑھ سو دیہات کو خشک سالی کے باعث آفت زدہ قراردیدیا ہے۔’تھر‘ میں زندگی نے پھر سسکنا شروع کر دیا ہے۔ قحط کا موسم جو گزشتہ چند سالوں میں ان کے لیے قہر بن چکا ہے، اب ایک مرتبہ پھر اس خطے پر برے وقت کی طرح منڈلا رہا ہے۔
کراچی سے تین سو کلو میٹر دور سندھ کے جنوب مشرق میں 21ہزار مربع کلو میٹر رقبے پر پھیلا ہوا صحرائے تھرپارکر دنیا کا تیسرا بڑا صحرا ہے۔ یہ خطہ سرحد پار رن آف کچھ اور راجستھان سے شروع ہوکر اندرون ملک خیرپور کے صحرائے نارا سے ہوتا ہوا پاکستان کے ایک عظیم ریگستان چولستان سے جاکر ملتا ہے۔ تھرپارکر 21ہزار اسکوائر کلو میٹر پر مشتمل علاقہ ہے جہاں پر 15 لاکھ سے زائد آبادی ہے۔تھر افلاس و پیاس کا ایک صحرا ہے۔ یہاں کی اکثر آبادی کی ساری زندگی پانی کے حصول میں گزر جاتی ہے۔
اگر پانی کی قلت کا خاتمہ ہوجائے تو تھر میں 80 فیصد بیماریاں، بھوک و افلاس اور غربت دور ہوسکتی ہے۔
میں سوچنے لگا کہ تھر کے باسی ایک بار پھر مشکلات میں گھرنے والے ہیں۔ بلکہ ایک بار پھر کیا۔ ان کی زندگی ہی مشکلات و مصائب کا مجموعہ ہے۔ لیکن کوئی اس حوالے سے ان کے لیے فکر مند نہیں ہے۔ گزشتہ برس بھی تھر میں ہونے والی اموات اور قحط سالی کے بعد اس آفت زدہ علاقے کے لیے حکومت نے اربوں روپے دینے کا اعلان کیا۔ صوبائی حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدے اس کے علاوہ ہیں۔ مگر میرے خیال میں امداد کے یہ وعدے اور اعلان اس وقت تک ہی رہے ہیں ۔ جن ٹی وی کی ہیڈ لائنز اور خبروں کی سرخیوں کا موضوع تھر رہا ہے۔ اس کے بعد پھر کچھ نہیں ہوا۔
![]()
لیکن مصیبت زدہ ان افراد کی مشکلات کی ارباب اختیار کو کوئی فکر نہیں۔ کیونکہ حکمراں جماعت تو کروڑوں روپے لگا کر اپنی طاقت ظاہر کرنے کے لیے بڑے بڑے جلسے کر رہی ہے۔ بے حسی کی انتہا تو یہ ہے کہ جب عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے ایوانوں میں بیٹھنے والے اپنی ذمہ داری سے سرا سر غافل ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ صاحب شراب پی کر مرنے والوں میں شہادت کے سرٹیفکیٹ تقسیم کررہے ہیں جبکہ دوسری طرف منتخب عوامی نمائندوں سے بننے والی
سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراچ درانی ایوان میں بیٹھ کر مچھلی کھلانے کی فرمائش کر رہے ہیں۔وہ بھی مچھلی کھانے کا شوق صرف اپنے لیے نہیں رکھتے بلکہ ان کی خواہش ہے کہ اسمبلی کے تمام اراکین کو مچھلی کھلائی جائے۔
![]()
آخر میں تمام اہل سندھ سے ایک گزارش کرتا چلوں کہ سندھ کوپاکستان کی ماں کہنے والے اس کی تقسیم کا مطالبہ کرنے والوں کے سخت خلاف ہیں۔لیکن اگر کوئی ان سے سوال کرے کے اس ماں دھرتی کے اوپر بسنے والے افلاس و پیاس کے مارے لوگوں کے لیے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں تو شاہد کاغذی کارروائی کے علاوہ عملی طور پر کچھ بھی نذر نہ آئے۔ حکمرانوں سے گزارش ہے کہ وہ عیاشی ضرور کریں مگر صرف لوگوں کو کچھ اتنا کھانے پینے کے لیے دے دیں کہ ان میں زندگی کی رمق باقی رہے۔ کیوں کہ برحال اگلی بار پھر منتخب ہونے کے لیے ووٹ کی ضرورت تو ہو گی اور ووٹ دینے کے لیے تاحال زندہ ہونا ضروری ہے۔ قبرستان والوں کو فی الحال ووٹ ڈالنے کا حق نہیں دیا گیا۔
محمد نعیم