↧
امریکہ کے پیرس معاہدے سے نکل جانے سے دنیا پر کیا اثر پڑے گا ؟
امریکہ نے ماحولیات سے متعلق پیرس معاہدے سے باہر ہونے کا اعلان کر دیا ہےتو اب سوال یہ اٹھتا ہے کہ اس کا اثر باقی دنیا پر کیا پڑے گا ؟ امریکہ کے نکل جانے سے معاہدہ اور عالمی برادری دونوں متاثر ہوں گے۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پیرس معاہدے سے باہر نکلنے سے عالمی برادری نے اس معاہدے کے تحت جو اہداف مقرر کیے تھے ان کا حصول اب اور زیادہ مشکل ہو جائے گا۔ پیرس معاہدے کے تحت عالمی سطح پر حدت میں دو ڈگری سیلسیئس سے زیادہ اضافہ نہ ہونے کی بات کہی گئی تھی۔ عالمی سطح پر کاربن کا جو بھی اخراج ہوتا ہے اس میں امریکہ کا 15 فیصد حصہ ہے وہیں وہ ترقی پذیر ممالک کے لیے ماحولیات سے متعلق ٹیکنالوجی تک رسائی اور مالی امداد کے لیے بھی ایک اہم ذریعہ ہے۔ ایک سوال اخلاقی قیادت کا بھی ہے، جسے امریکہ ترک کر دے گا اور اس کے دیگر سفارتی سطح پر بھی نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔ امریکہ میں ماحولیات کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم سے وابستہ کارکن مائیکل بروئن کا کہنا ہے ’اس معاہدے سے الگ ہو نا ایک تاریخی غلطی ہے۔‘ ان کا کہنا تھا: 'ہمارے پوتے اور نواسے مایوسی سے پیچھے کی طرف یہ سوچ کر دیکھیں گے کہ ایک عالمی رہنما کیسے اس قدر اخلاقی قدروں اور حقییت سے دور ہو سکتا ہے۔'
↧