انسٹاگرام استعمال کرنے والے ہر صارف کو ہی اپنی پوسٹ کی گئی تصاویر پر زیادہ سے زیادہ لائیکس کی خواہش ہوتی ہے اور اب آپ ایک وینڈنگ مشین کے ذریعے اپنی یہ تمنا پوری کر سکتے ہیں۔ جی ہاں واقعی روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک ایسی وینڈنگ مشین نصب کی گئی ہے جو فرضی انسٹاگرام لائیکس فروخت کرتی ہے۔ لوگ چند سو یا ہزار لائیکس کو منتخب کر کے اپنے اعتماد کو بڑھا سکتے ہیں، کم از کم بنانے والی کمپنی کا تو یہی کہنا ہے۔ ایک ڈالر سے بھی کم خرچ کر کے آپ اپنی نئی تصویر پر 100 انسٹاگرام لائیکس حاصل کر سکتے ہیں۔
اگر آپ 850 ڈالر خرچ کریں تو آپ ڈیڑھ لاکھ فالورز خرید سکتے ہیں جو کہ ہر پوسٹ پر ڈیڑھ ہزار لائیک کی ضمانت دیتے ہیں۔ اس مشین کو سب سے پہلے ایک صحافی الیکسی کووالیو نے دیکھا اور ٹوئیٹ کیا۔ اور ہاں یہ وینڈنگ مشین انسٹاگرام کے پرنٹ نکالنے اور سیلفی لینے کی سہولت بھی فراہم کرتی ہے۔ صحافی کے مطابق اس طرح کی مشینیں ماسکو میں متعدد مقامات پر نصب کی گئی ہیں۔