↧
کیا امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ کا استقبال سرد مہری سے کیا گیا ؟
امریکا کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان ہیتھر نوریٹ کو پریس بریفنگ کے دوران تجویز دی گئی کہ پاکستان نے اپنے ملک میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں موجود ہونے کے امریکی الزامات کو ماننے سے انکار کر دیا جس کی وجہ سے اس پر پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں تو اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ مستقبل کے بارے میں کوئی پیشن گوئیاں نہیں کر سکتیں۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے ان کی سر زمین پر دہشت گردوں کی مبینہ محفوظ پناہ گاہوں کی موجودگی کے انکار کی وجہ سے پاکستان پر پابندی عائد نہیں کی جاسکتی۔اپنی پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے پاک امریکا تعلقات کے لیے امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ کے دورہ اسلام آباد پر بھی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ تاہم امریکی میڈیا کا ریکس ٹلرسن کے دورہ پاکستان کے حوالے سے کہنا ہے کہ سیکریٹری آف اسٹیٹ کا استقبال دفترخارجہ کے درمیانی سطح کے حکام اور پاکستان میں امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے راولپنڈی کے چکلالہ ایئربیس پر کیا ۔ امریکی سرکاری ریڈیو کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ریکس ٹلرسن کا ان کے شایانِ شان استقبال نہیں کیا جیسا کہ عموماً ایک اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام کا استقبال کیا جاتا ہے۔
↧