↧
فلپائن کو سمندری طوفان نے سوگوار کر دیا
فلپائن کے جنوبی علاقوں کو سمندری طوفان ٹیمبِن نے تاراج کر کے رکھ دیا ہے۔ اس طوفان سے ہونے والی ہلاکتیں دو سو تک پہنچ گئی ہیں جبکہ ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ امدادی کارکنوں کے مطابق جنوبی فلپائنی علاقے کے جزائر کو سمندری طوفان نے شدید نقصان پہنچایا ہے۔ ان کے مطابق ان جزائر پر ہر طًرف بربادی پھیلی ہوئی ہے اور متاثرہ افراد امداد کے طلب گار ہیں۔ حکام کے مطابق ہلاکتوں میں اضافہ اور لاپتہ افراد کی بڑی تعداد کی وجہ مقامی باشندوں کی جانب سے حکومتی انتباہی ہدایات کا نہ ماننا خیال کیا گیا ہے۔سمندری طوفان ٹیمبِن کی زد میں آ کر فلپائنی علاقوں میں ہونے والی ہلاکتیں 200 تک پہنچ گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق لاپتہ افراد کی تعداد 144 ہے۔ زیادہ تر ہلاکتیں منڈاناؤ اور قریب کے چھوٹے چھوٹے جزائر پر ہوئی ہیں۔ طوفان کے ساتھ آنے والی شدید بارشیں اور تیز رفتار جھکڑوں نے زندگی کا نظام درہم برہم کر دیا ہے۔ فلپائن کے دوسرے بڑے جزیرے منڈاناؤ کی پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ طوفان سے ہونے والی ہلاکتوں میں اضافے کا قوی امکان ہے کیونکہ امدادی عمل کا دائرہ پھیلتا جا رہا ہے توں توں تباہ شدہ مکانات میں سے نعشیں دستیاب ہو رہی ہیں۔ پولیس کے اعلیٰ اہلکار کا کہنا ہے کہ مٹی تلے دبے ہوئے کئی افراد کے بچنے کے امکانات بھی بتدریج معدوم ہوتے جا رہے ہیں۔
↧